30 جون 2016 - 07:21
روس اور ترکی کا تعلقات کی بحالی پر اتفاق

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کے بعد ترکی پر عائد سیاحتی پابندی اٹھا لینے کا اعلان کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کے چند گھنٹے کے بعد اعلان کیا کہ ترکی پرعائد سیاحتی پابندیاں اٹھالی جائیں گی- انہوں نے روسی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پھر سے بحال کرنے کے لئے ترک حکومت سے بات چیت شروع کرے-

کریملن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوتن اور اردوغان نے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے مثبت قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علاقے میں سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی کے بحرانوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعاون پر تاکید کی-

دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون شروع کرنے اور آپسی ملاقات پر بھی اتفاق کیا- اس ٹیلی فونی گفتگو میں روسی صدر نے استنبول دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ترک عوام کو تعزیت پیش کی-

گذشتہ برس نومبر میں ترک فضائیہ کے ذریعے روس کا ایک جنگی طیارہ مار گرائے جانے کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پوتن اور اردوغان کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا-

۔۔۔۔۔۔۔

/169